ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اترکنڑا کے کئی دیہاتوں کا  بارش کے موسم میں بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع: اسکول اور کالج کے لئے طلبا پیدل چلنے پر مجبور

اترکنڑا کے کئی دیہاتوں کا  بارش کے موسم میں بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع: اسکول اور کالج کے لئے طلبا پیدل چلنے پر مجبور

Sat, 15 Jul 2023 20:22:51    S.O. News Service

کاروار:15 ؍جولائی   (ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلع میں کئی گاؤں  بنیادی سہولیات کی کمی کا سامناکررہے ہیں، اکثر مقامات پر مناسب سڑکوں اور پلوں وغیرہ کی سہولت نہیں ہے ۔ خاص طور پربارش کے موسم میں حالات بہت مشکل ہو جاتے ہیں۔ شادی یا ہسپتال جانے کے لئے کئی کلومیٹر تک پیدل چلنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں  ہے۔

ضلع میں تقریباً 75 گاؤں ایسے ہیں جن کا بارش کے موسم میں راستے اور پلوں کے نہ ہونے کے نتیجے میں  بیرونی دنیا سے رابطہ کٹ جاتاہے،اورعام رابطے سے محروم ہوجاتے ہیں۔ پچھلے  کئی دہائیوں سے دیہی عوام مسئلے کوحل کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں، لیکن حکومت سے متوقع ردعمل نہ کے برابر ہے ۔

انکولہ تعلقہ سویگولی نامی دیہات میں رچائی گئی ایک شادی کے لئے مناسب سڑک نہ ہونے کی وجہ سے دلہے کے ساتھ رشتہ دار وں پر مشتمل برات 10 کلومیٹرکا فاصلہ پیدل طئے کرنے پر مجبورہوئی۔ ہوناور تعلقہ مہیمےنامی  گاؤں میں بارش کے دوران کئی کلو میٹر کا راستہ  کیچڑ سے بھر جاتا ہے  جس پر سرکاری بس تک نہیں گزرتی ۔ بچے جنگلی راستے سے گزر کر مین روڈ پر آتے ہیں۔ جوئیڈا کے ہوڈسا دیہات  کے عوام کا کہنا ہے کہ گاؤں میں  راستے کی عدم موجودگی کے چلتے ایک بیماربوڑھی عورت کو کمبل میں سلا کر اسپتال پہنچایاگیا ۔جوئیڈا تعلقہ کے کرنجے ، اسولے ، سیسائی ، بومڈولی ، ماہرے ، کراولی ، کیلولی ، کاڈپوڑ ، ملے ۔ ہوناور تعلقہ کے مورگولی ، آرموڑی ، کنچی بیلو۔ سرسی تعلقہ کے ایڈگارو، منڈگارو، ہیبرے ۔ کاروار تعلقہ کے گوئیر ، کمرگاوں، بالے منے جیسے دیہات بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

مہیمے نامی دیہات کے راجیش نائک نے بتایا کہ گاؤں کے لئے  ہر موسم میں ساتھ دینے والی سڑک  تعمیر کا مطالبہ لے کر پچھلے کئی دہوں سے  حکومت اور عوامی نمائندوں کودرخواست کرتے رہے ہیں۔ لیکن 250گھروں والے مہیمے دیہات کے لئے ا ب تک کوئی تارکول کی سڑک نصیب نہیں ہوئی ہے۔ روزانہ 40 سے زائد  بچے 16کلومیٹر کا فاصلہ پیدل کرتے ہوئے اسکول اور کالج  جا کر آتےہیں۔بچے  صبح سویرے  گھروں سے نکل کر واپس لوٹنے تک اندھیرا ہوجاتاہے۔

جوئیڈا تعلقہ کے سیسائی نامی دیہات کے مکین پرکاش میراثی نے بتایا کہ ہمارے گاؤں کےلئے ایک ہی کچا راستہ ہے جو بارش کےموسم میں کیچڑ سے بھر جاتاہے۔ اسی لئے ہم نے اپنے بچوں کو اپنے قریبی  رشتہ داروں کے ہاں  تعلیم کے لئے چھوڑ  رکھے ہیں۔ انہوں نےکہاکہ  ہم لوگ  موسم سرما کےلئے ضروری اناج اور سامان گرما کے موسم میں ہی  ذخیرہ کرلیتے ہیں ۔

موبائیل نیٹ ورک بھی نہیں ہے: 80فی صد جنگلات سے احاطہ کئے ہوئے ضلع  میں 19گرام پنچایت علاقوں میں موبائیل نیٹ ورک بھی نہیں ہے اور  160دیہات ایسے ہیں جہاں ابھی تک نیٹ ورک نہیں پہنچا ہے۔  بجلی کا مسئلہ ہے،  کوئی بیمار ہوتاہے تو اسپتال تک پہنچنے کیلئے کافی  مشقت اٹھانے کی دیہی عوام نے شکایت کی ۔

اس سلسلےمیں اترکنڑا ضلع ڈی سی پربھولنگ کولیکٹی نے وضاحت کرتےہوئے جانکاری دی کہ ضلع میں جن گاؤں اور دیہاتوں کا بارش کے موسم میں بیرونی دنیا سے رابطہ کٹ جاتاہے اس کی مکمل تفصیلی معلومات حاصل کی جائیں گی اور وہاں کے لوگوں کو فوری طورپر صحت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنےکی کوشش کی جائے گی۔


Share: